بحرین: آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرے
ہزاروں بحرینی عوام نے اس ملک کے مختلف علاقوں میں شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے ہیں -
بحرین کے اللولو ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں بحرینیوں نے جمعے کی رات کو دارالحکومت منامہ اور دیگر علاقوں میں مظاہرے کئے اور آل خلیفہ کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کے فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا - بحرینی مظاہرین نے سیاسی قیدیوں کی رہائی اور امتیازی برتاؤ ختم کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا - بحرینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی تک مظاہروں کے جاری رہنے پر تاکید کی- آل خلیفہ حکومت نے جون دوہزار سولہ میں اس ملک کے بزرگ عالم دین شیخ عسیی قاسم کی شہریت سلب کرلی -
دوسری جانب بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم نے آل خلیفہ حکومت کے توسط سے ایک بحرینی شہری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے اس اقدام کی شکایت کی ہے- ایک تینتالیس سالہ بحرینی شہری سید علوی حسین علوی کو لاپتہ ہوئے اٹھارہ دن گذر چکے ہیں تاہم ابھی تک ان کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں- انسانی حقوق کی تنظیم نے ایک بیان میں بحرین کی سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جگہ کا پتہ بتائیں جہاں سید علوی کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے اور ان کے گھر والوں کو اس بات کی اجازت دیں کہ اس شہری سے رابطہ برقرار کرسکیں-
واضح رہے کہ بحرین کے عوام نے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے خلاف فروری سنہ دو ہزار گیارہ سے اپنی پرامن انقلابی تحریک کا آغاز کر رکھا ہے اور مظاہرین پر آل خلیفہ اور آل سعود کے فوجیوں کے حملوں میں اب تک سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں -