اقوام متحدہ کی جانب سے بحرین کے انسانی حقوق کے کارکن کی فوری رہائی کا مطالبہ
اقوام متحدہ نے بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ نبیل رجب کی غیر مشروط طور پر فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ہمیں نبیل رجب پر چلائے جا رہے مقدمے پر گہری تشویش ہے- واضح رہے کہ بحرینی حکام نے نبیل رجب کو فرانس کے اخبار لومونڈ میں ایک مضمون شائع کرنے کے الزام میں پندرہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ نبیل رجب نے اپنے ایسے کسی بھی مضمون کی اشاعت کی تردید کی ہے- نبیل رجب سے منسوب مضمون میں داعش کے وحشیانہ اقدام کی مذمت اور خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں پر تکفیری نظریات کو روکنے میں کوتاہی برتنے پر تنقید کی گئی ہے-
انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کے کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ نبیل رجب کو آزادی بیان کے جرم میں سزا دی جا رہی ہے- اس سے پہلے نببیل رجب نے یمن پر سعودی عرب کے حملوں کی مذمت کی تھی جس کے نتیجے میں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا اور بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔