مزید دو فلسطینی شہید کئی زخمی
صیہونی فوجیوں نے مزید دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
فلسطین کی الآان ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی بیت لحم میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں جبکہ دوسرا فلسطینی دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنوب میں واقع ایک صیہونی جیل میں شہید ہوا۔ بیت لحم کے علاقے تقوع پر صیہونی حکومت کے حملے میں ایک فلسطینی نوجوان کے شہید ہونے کے علاوہ چار دیگر فلسطینی زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب ایک فلسطینی نوجوان محمود بصیلہ جیل میں طبی امداد نہ ملنے پر شہید ہو گیا کہا گیا ہے کہ اس نوجوان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ اس فلسطینی شہید کے والد نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کی عمر سترہ سال تھی اور وہ ڈھائی سال سے صیہونی حکومت کی جیل میں قید تھا۔ اس نوجوان کو چھے مہینے کے بعد جیل سے آزاد ہونا تھا۔اس طرح انتفاضہ قدس کے شہداء کی تعداد بڑھ کر دو سو پچھتر ہو گئی ہے۔ انتفاضہ قدس میں فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد زخمی اور گرفتار بھی ہوئی ہے۔ فلسطینی قیدیوں کے مرکز کے ترجمان ریاض الاشقر نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت بیمار قیدیوں کو طبی امداد اور سہولیات سے محروم کر کے ان کے خاموش قتل کا راستہ ہموار کرتی ہے۔