پالمیرا میں داعش کے انسانیت سوز اقدامات پر یونیسکو کا ردعمل
اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو نے شام کے شہر پالمیرا میں داعش کے ہاتھوں تاریخی عمارتوں کی مسماری کو جنگی جرائم قرار دیا ہے
یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا یوکووا نے پالمیرا میں داعش کے ہاتھوں تاریخی عمارتوں کو مسلسل مسمار کئے جانے کو شامی عوام اور پوری انسانیت کے لئے بڑا نقصان قراردیا اور کہا کہ ثقافتی میراث پر انتہا پسندوں کے یہ حملے شامی عوام کو ان کے ماضی اور آئندہ کی تاریخ سے محروم کردیں گے - یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ایرینا یوکووا نے کہا کہ ثقاتی میراث اور تاریخی آثار کی حفاظت انسانوں کی زندگی کی حفاظت کے مترادف ہے - اس درمیان شام کے ثقافتی ورثے کے محکمے کے سربراہ مامون عبدالکریم نے کہا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے پالمیرا میں ٹیٹر پیلون نامی تاریخی عمارت کو بھی مسمار کردیا ہے یہ عمارت مربع شکل کی تھی جو سولہ ستونوں پر استوار تھی - دریں اثنا سیٹلائٹ سے لی جانے والی تصویروں میں بھی دکھایا گیا ہے کہ داعش کے عناصر تاریخی شہر پالمیرا کی کئی تاریخی عمارتوں کو مسمار کررہے ہیں- داعش نے مئی دوہزار پندرہ سے مارچ دوہزار سولہ تک پالمیرا پر قبضہ کررکھا تھا تاہم شامی فوج نے مارچ دوہزار سولہ میں اس کو آزاد کرالیا لیکن دہشت گـردوں نے پالمیرا شہر پر جو تاریخی ورثے کے لحاظ سے دنیا کا معروف شہرشمار ہوتاہے گذشتہ دسمبر کے مہینے میں دوبارہ قبضہ کرلیا -