پاکستان سے راکٹ حملوں پر افغان حکومت اور عوام کا احتجاج
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i272722-پاکستان_سے_راکٹ_حملوں_پر_افغان_حکومت_اور_عوام_کا_احتجاج
افغان حکام اور عوام نے پاکستان سے ہونے والے راکٹ حملوں پر احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس قسم کے حملوں سے نیا بحران شروع ہو جائے گا اور علاقے میں بدامنی پیدا ہو گی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان سے راکٹ حملوں پر افغان حکومت اور عوام کا احتجاج

افغان حکام اور عوام نے پاکستان سے ہونے والے راکٹ حملوں پر احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس قسم کے حملوں سے نیا بحران شروع ہو جائے گا اور علاقے میں بدامنی پیدا ہو گی۔

افغان ذرائع کے مطابق صوبے نیمروز کے گورنر محمد سمیع نے پاکستان سے افغانستان کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں پر ہونے والے راکٹ حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد کے اقدامات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ وہ افغانستان کا اچھا پڑوسی ملک نہیں ہے۔

صوبہ  ہرات کے گورنر ہاؤس کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بھی کہا ہے کہ افغان افواج مکمل آمادہ ہیں اور وہ کسی کو افغان عوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

کنڑ اور ننگرہار کے مقامی حکام نے بھی کہا ہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران پاکستان سے افغانستان پر پانچ سو راکٹ فائر ہوئے ہیں اور ان حملوں میں دو افراد جاں بحق اور چار بچے زخمی ہوئے ہیں۔

ان حملوں کے بعد افغانستان کی حکومت نے کابل میں پاکستان کے سفیرکو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سندھ اور پنجاب میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے بعد جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں، پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ اس قسم کے حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوتی ہے جبکہ حکومت افغانستان نے پاکستان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔