سرحد پر باڑ لگانے پر پاکستان سے افغانستان کا احتجاج
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i276912-سرحد_پر_باڑ_لگانے_پر_پاکستان_سے_افغانستان_کا_احتجاج
افغانستان کی وزارت خارجہ نے سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق پاکستان کے منصوبے پر اعتراض کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • سرحد پر باڑ لگانے پر پاکستان سے افغانستان کا احتجاج

افغانستان کی وزارت خارجہ نے سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق پاکستان کے منصوبے پر اعتراض کیا ہے۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت خارجہ کے پریس دفتر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان سے ملنے والی مشترکہ سرحد پر باڑ لگایا جانا ناقابل قبول ہے اور اس سے دہشت گردی کے خلاف مہم میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اس اقدام سے دونوں ملکوں کی قوموں میں صرف دوریاں پیدا ہوں گی۔ حکومت افغانستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ علاقے کے ملکوں میں ہم آہنگی اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جانا قرار دیا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بیان میں افغانستان سے ملنے والی سرحدوں پر بدامنی سے دوچار علاقوں باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں باڑ لگانے کی خبر دی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو ہزار چار سو کلو میٹر طویل مشترکہ سرحدیں پائی جاتی ہیں جن میں پہاڑی علاقے بھی شامل ہیں اور پاکستان کی جانب سے تمام سرحدوں پر باڑ لگایا جانا عملی طور پر ناممکن ہے۔ چنانچہ پاکستان صرف ایسے علاقوں میں باڑ لگانا چاہتا ہے کہ جہاں سے بقول اس کے دہشت گرد، افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔