فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i281974-فلسطینی_قیدیوں_کی_بھوک_ہڑتال_کا_سلسلہ_جاری
فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا سلسلہ گذشتہ بیس دنوں سے جاری ہے تاہم صیہونی حکومت اور ہڑتالی قیدیوں کے مابین کسی بھی طرح کے مذاکرات انجام نہیں پائے ہیں۔
(last modified 2025-08-10T10:38:06+00:00 )
May ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری

فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا سلسلہ گذشتہ بیس دنوں سے جاری ہے تاہم صیہونی حکومت اور ہڑتالی قیدیوں کے مابین کسی بھی طرح کے مذاکرات انجام نہیں پائے ہیں۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے امور کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سترہ اپریل سے فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور قیدیوں کی حالت روز بروز بگڑتی جا رہی ہے-

اس کمیٹی کے مطابق بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اسرائیلی جیل حکام کا دشمنانہ رویہ روز بروز سخت تر ہوتا جا رہا ہے اور وہ ان پر بار بار حملہ کرنے کے ساتھ ہی انھیں ایک جیل سے دوسری جیل منتقل کر رہے ہیں-

اس بیان میں آیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں کے اہلکار بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کو ان کے وکیلوں اور گھر والوں سے ملنے کی اجازت تک نہیں دے رہے ہیں اور بھوک ہڑتال کے پہلے دن سے اب تک سترہ سو ہڑتالی قیدیوں میں سے صرف دس کو ملنے کی اجازت دی گئی ہے-

واضح رہے کہ سترہ اپریل سے صیہونی جیلوں میں قید تقریبا سترہ سو فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال پر ہیں- فلسطینی قیدی، صیہونی حکام کے نسلی امتیاز اور بدسلوکی پر احتجاج کر رہے ہیں-