العوامیہ پر سعودی فوجیوں کے حملے میں پانچ شہری شہید
سعودی عرب کے صوبہ الشرقیہ کے العوامیہ قصبے پر آل سعود کے فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے
لبنان کے المیادین ٹی وی نے خبر دی ہے کہ یہ پانچوں سعودی شہری شیعہ نشین علاقے العوامیہ پر جمعے کو سعودی عرب کے فوجیوں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں شہید ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے جمعے کی صبح دو شہریوں کی شہادت کی خبر دی تھی جس میں ایک کا نام محسن اللاجامی بتایا تھا۔
القطیف کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ العوامیہ میں سعودی فوجیوں کے حملے میں دسیوں شیعہ مسلمان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ ایسے عالم میں ہے کہ آل سعود کے فوجی اور سیکورٹی اہلکار، چند سیکورٹی اہلکاروں کے قتل عام کے الزام میں ملزمین کو گرفتار کرنے کے بہانے پورے العوامیہ کو اپنے محاصرے میں لئے ہوئے ہیں اور آنے جانے والوں کی کڑی نگرانی اور ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کا صوبہ الشرقیہ، آل سعود حکومت کی ناانصافیوں کی بنا پر دوہزار گیارہ سے احتجاج کا میدان بنا ہوا ہے۔