یمن کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے سعودی اقدام کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i293606-یمن_کی_وزارت_ٹرانسپورٹ_کی_جانب_سے_سعودی_اقدام_کی_مذمت
یمن کی وزارت ٹرانسپورٹ نے صنعا ایئرپورٹ تک جانے والے فضائی راستوں کو بند کرنے کے سعودی اقدام کی مذمت کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
  • یمن کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے سعودی اقدام کی مذمت

یمن کی وزارت ٹرانسپورٹ نے صنعا ایئرپورٹ تک جانے والے فضائی راستوں کو بند کرنے کے سعودی اقدام کی مذمت کی ہے۔

یمن کی وزارت نقل و حمل نے سعودی عرب کی جانب سے صنعا ایئرپورٹ تک آنے والے فضائی راستوں کو بند کرنے کے جارحانہ اقدام کو ایک سال پورے ہونے پر اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے یہ جرائم ان تیرہ ہزار افراد کی موت کا باعث بنیں ہیں جنھیں علاج کے لئے بیرون ملک بھیج کر ان کی زندگیاں بچائی جاسکتی تھیں۔

یمن کی وزارت نقل و حمل نے رپورٹ دی ہے کہ صنعا ایئرپورٹ کے بند ہونے کے باعث پچانوے ہزار یمنی مریضوں کو موت کے خطرے کا سامنا ہے۔

درایں اثنا یمن کے ادارہ ٹرانسپورٹ کے ڈائرکٹر مازن غانم نے کہا ہے کہ تیرہ ہزار چورانوے مریض علاج کے لئے ملک سے باہر نہ جانے یا بیرون ملک سے بعض دواؤں کے ملک میں نہ آنے کے سبب اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائرکٹرخالد الشایق کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کی سرگرمیاں رکوانے کے لئے سعودی جارحین نے اس ایئرپورٹ کو ساٹھ سے زیادہ بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔

یمن میں مقیم ناروے کے شہریوں کی کونسل کے سربراہ معتصم حمدان نے یمنی عوام کی مدد کے لئے ہوائی سروس کو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمن کے عوام کے سفر سے محروم ہونے کا مطلب ہزاروں افراد کی موت ہے۔

اس وقت یمن کے بائیس صوبوں میں سے اکیس صوبے ہیضے کا شکار ہیں اور اس بیماری کے باعث اب تک چارلاکھ تہتر ہزار افراد موت کی دہلیز پر کھڑے ہیں اور اب تک تقریبا دوہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

درایں اثنا العربی الجدید نے انکشاف کیا ہے کہ زیادہ ترتکفیری اور دہشت گرد گروہ کہ جو عدن اور جنوبی یمن میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم ہیں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے فنڈ حاصل کرتے ہیں۔

العربی الجدید کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے یمن میں جنگ کے لئے تکفیری گروہ کو جنم دیا اور جنگ کے بعد وہ ان تکفیریوں کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ دونوں ملک جمہوریت اور سیاسی پارٹیوں کے وجود کو برداشت نہیں کرتےاور اس کے پوری طرح مخالف ہیں۔

العربی الجدید نے لکھا کہ شہر عدن کے بعض فعال نوجوانوں کو بھی داعش کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط ملے ہیں جن میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے افکار کی ترویج بندکردیں ورنہ انھیں قتل کر دیا جائے گا۔