سرکاری ہتھیار دشمن کے ہاتھ لگ رہے ہیں، افغان چیف ایگزیکٹیو
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i293710-سرکاری_ہتھیار_دشمن_کے_ہاتھ_لگ_رہے_ہیں_افغان_چیف_ایگزیکٹیو
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے سیکورٹی اداروں میں بدعنوانیوں کی وجہ سے فوجی ساز و سامان دشمن کے ہاتھ لگ گیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
  • سرکاری ہتھیار دشمن کے ہاتھ لگ رہے ہیں، افغان چیف ایگزیکٹیو

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے سیکورٹی اداروں میں بدعنوانیوں کی وجہ سے فوجی ساز و سامان دشمن کے ہاتھ لگ گیا ہے۔

کابل میں بدعنوانیوں کے خلاف جد وجہد سے متعلق ایک کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے، سیکورٹی اداروں میں نگرانی نہ ہونے پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے اسلحہ کی ضرورت کا ایک حصہ سرکاری سیکورٹی اداروں میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کے ذریعے پورا کرتا ہے۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ اگر عوامی دفاع کے استعمال کے ہتھیار دشمن کے ہاتھ لگیں گے تو قوم کے ساتھ اس سے بڑی خیانت کونسی ہوگی کیونکہ دشمن ان ہی ہتھیاروں سے عوام کا سینہ چاک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات بدعنوانیوں کی جانچ پڑتال کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹیاں خود اس لعنت کی ترویج کا سبب بن جاتی ہیں اور سیکورٹی اداروں میں بھی اس قسم کی مشکلات کا مشاہدہ کیا جاتا رہا ہے۔افغان ذرائع ابلاغ کئی بار ایسی رپورٹیں شائع کرچکے ہیں کہ افغان فوج اور سیکورٹی اداروں کے ہتھیار مخالفین کو فروخت کردیئے گئے ہیں۔افغان سیکورٹی اداروں میں پائی جانے والی بدعنوانیوں کی خبریں عام ہونے کے بعد افغان حکومت کے حامی ملکوں نے بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔