یمنی فوج کے حملے میں سعودی فوجیوں کی ہلاکت
یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی فوجی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کی گاڑی پر میزائل حملہ کر کے کئی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق ایک فوجی ذریعے نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے الطلعہ میں بھی سعودی فوجیوں کے ٹھکانے کو گولہ باری کا نشانہ بنایا جس میں متعدد فوجی ہلاک ہو گئے۔ایک اور خبر یہ ہے کہ یمن کے انسانی حقوق سے متعلق امور کے نائب وزیر علی تیسیر نے سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ کئے جانے سے متعلق اقوام متحدہ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یمن میں غیر انسانی جرائم کا ارتکاب کئے جانے پر سعودی اتحاد میں شامل تمام ملکوں کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ان ممالک کو بلیک لسٹ کیا گیا تھا مگر اس وقت کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ان ممالک کو اس فہرست سے نکال دیا تھا جبکہ انھوں نے اپنے اس اقدام کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی۔