یمن میں صنعا ایرپورٹ پر امدادی طیاروں کی لینڈنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i304304-یمن_میں_صنعا_ایرپورٹ_پر_امدادی_طیاروں_کی_لینڈنگ
حالیہ بیس روز میں چار امدادی طیارے ضروری اشیا منجملہ دواؤں کے ساتھ ہفتے کے روز یمن کے صنعا ایرپورٹ پہنچے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • یمن میں صنعا ایرپورٹ پر امدادی طیاروں کی لینڈنگ

حالیہ بیس روز میں چار امدادی طیارے ضروری اشیا منجملہ دواؤں کے ساتھ ہفتے کے روز یمن کے صنعا ایرپورٹ پہنچے۔

رشا توڈے کے حوالے سے فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دو طیارے بین الاقوامی تنظیموں کے امدادی کارکنوں کے حامل ہیں، دواؤں کا حامل ایک طیارہ اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسف سے متعلق ہے جبکہ ایک طیارہ عالمی ریڈ کراس سے متعلق ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق یہ پہلے ایسے طیارے ہیں جو بیس روز قبل سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کی زمینی، بحری اور فضائی سرحدوں کو بند کئے جانے کے بعد صنعا ایرپورٹ پہنچے ہیں۔

اقوام متحدہ اور عالمی رائے عامہ کے دباؤ کے زیراثر سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ جمعرات تئیس نومبر سے مغربی یمن میں الحدیدہ بندرگاہ اورصنعا کے بین الاقوامی ایرپورٹ کوانسان دوستانہ امداد کے لئے کھول دے گا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کی بحیرہ سرخ کی بندرگاہوں کی تنظیم نے جمعرات کے روز الحدیدہ اور یا الصلیف بندرگاہ پر کسی بھی بحری جہاز کے پہنچنے کی تردید کی۔

اس سے قبل سعودی حکومت نے بارہا اعلان کیا تھا کہ یمن کے ہوائی اڈوں اور بعض بندرگاہوں کا محاصرہ ختم کر دیا جائے گا تاہم اس سلسلے میں اس نے ہمیشہ ہی خلاف ورزی کی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے جارح طیاروں نے صوبے صعدہ کے الظاہر شہر کے مضافاتی علاقے الملاحیط پر دو بار اور شمالی یمن کے شہر کتاف کے مضافاتی علاقے البقع کے صحرائی علاقوں کے اطراف میں واقع علیب کی پہاڑیوں پر ایک بار بمباری کی۔

سعودی جنگی طیاروں نے اسی طرح یمنی شہریوں پر وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے صعدہ کے شہر باقم میں ایک یمنی شہری کے مکان کو نشانہ بنایا۔

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے نجران میں الشبکہ اور الشرفہ کے علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر بھی پانچ بار حملہ کیا۔

سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب میں واقع نجران میں سعودی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کئے۔ ان حملوں میں متعدد سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے نجران میں الخضرا گذرگاہ کے قریب رقابہ صلہ اور الخشبا نیز عباسہ فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

اس سے قبل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے نہوقہ میں سعودی فوجیوں پر حملہ کر کے اس فوجی مرکز کو شدید نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، امریکہ اور بعض مغربی و عرب ملکوں کی حمایت و تعاون سے مارچ دو ہزار پندرہ سے  غریب اسلامی عرب ملک یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہے جس میں اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی اسّی فیصد سے زائد بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو چکی ہیں۔