صنعا پر سعودی جنگی طیاروں کی شدید بمباری دسیوں جاں بحق
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا ہے جس میں قیدیوں سمیت کم سے کم انتالیس افراد مارے گئے ہیں۔
رائٹرز نے خبردی ہے سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کو صنعا میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا جس میں انتالیس افراد مارے گئے ہیں اور تقریبا نوے دیگر زخمی ہوگئے۔
جاں بحق اور زخمیوں میں متعدد قیدی بھی شامل ہیں۔
یمن کے اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں کئی ایک کی حالت تشویشناک ہے جس کے پیش نظر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے۔
یمن کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صنعا کے شعوب علاقے میں سات مرتبہ بمباری کی۔
جن علاقوں میں بمباری کی گئی ہے وہ رہائشی علاقے ہیں اور اسی مقام پر ایک پولیس اسٹیشن بھی واقع ہے۔
یمن کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے اس پولیس اسٹیشن میں ڈیڑھ سو سے زائد قیدی بھی تھے جنھیں محاذ جنگ پرگرفتار کیا گیا تھا اور ان قیدیوں کا بہت جلد دیگر قیدیوں سے تبادلہ ہونے والا تھا۔