یمن پر سعودی جارحیت، 31 شہید و زخمی
یمن کے صوبے صعدہ میں ایک اسکول پر سعودی جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملے میں کم از کم بارہ یمنی شہری شہید ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں کے اس حملے میں انّیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اس حملے میں امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔آکسفام انسٹی ٹیوٹ نے یمن پر سعودی جارحیت کے ہزار دن پورے ہونے کی مناسبت سے اپنی ایک رپورٹ میں اس جارحیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کی بنا پر پچاسی لاکھ یمنی شہریوں کو قحط اور بھوک مری کا سامنا ہے۔
یمن سے ہی ایک اور خبر یہ بھی ہے کہ سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے بھی جنوبی سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں متعدد سعودی فوجی ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا اور سعودی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔