کابل میں ثقافتی مرکز پر خودکش حملے کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i308391-کابل_میں_ثقافتی_مرکز_پر_خودکش_حملے_کی_مذمت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ثقافتی مرکز پر خودکش حملے میں شیعہ ہزارہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Dec ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۷:۲۷ Asia/Tehran
  • کابل میں ثقافتی مرکز پر خودکش حملے کی مذمت

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ثقافتی مرکز پر خودکش حملے میں شیعہ ہزارہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے افغانستان دارالحکومت کابل میں ثقافتی مرکز پر خودکش حملے میں شیعہ ہزارہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔

مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ طالبان کے بعد افغانستان کو داعش کے سفاکیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مشرق وسطیٰ کے شکست خوردہ داعشی درندے افغانستان میں شیعہ ہزارہ نسل کشی میں ملوث ہیں، شیعہ ثقافتی مرکز پر حملے میں40 طلباء کی شہادت انتہائی قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری امریکی و اسرائیلی پشت پناہی میں داعش کی افغانستان میں فعالیت اور درندگی  کا سختی سے نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ شام اور عراق میں اپنے ناپاک عزائم میں ناکامی کے بعد عالمی استعماری قوتوں نے ایک مرتبہ پھر افغانستان کو تختہ مشق بنایا ہے اور اس مرتبہ بھی ان کا نشانہ افغانستان کے شیعہ شہری ہیں۔

گزشتہ چند برسوں میں افغانستان میں شیعہ ہزارہ شہریوں پر خودکش حملوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا مقصد داعش کی خود ساختہ خلافت کے لئے افغانستان میں جواز پیدا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ کل کابل میں تبیان ثقافتی اور تحقیقاتی مرکز اور آوا نیوز ایجنسی کے دفتر پر دہشت گردانہ حملوں میں چالیس افراد جاں بحق اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے ۔