کابل: ہوٹل پر حملہ ہلاکتیں، فائرنگ کا تبادلہ
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i311167-کابل_ہوٹل_پر_حملہ_ہلاکتیں_فائرنگ_کا_تبادلہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں انٹرنیشنل ہوٹل پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۰۴:۴۸ Asia/Tehran
  • کابل: ہوٹل پر حملہ ہلاکتیں، فائرنگ کا تبادلہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں انٹرنیشنل ہوٹل پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے مطابق 4 دہشت گردوں نے انٹرنیشنل ہوٹل میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 15 ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ حملہ آوروں نے کئی لوگوں کو یرغمال بھی بنا لیا ہے۔ ترجمان افغان وزارت داخلہ نجیب دانش نے انٹر کانٹیننٹل ہوٹل پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چار ہے جو کہ اسلحہ اور خود کش جیکٹوں سے لیس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہوٹل میں 2دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ ہوٹل میں مقیم افراد اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

نجیب دانش نے بتایا کہ دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے ہوٹل کی چوتھی منزل کو آگ لگا دی ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کابل کے اسی ہوٹل پر جون 2011 میں بھی خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 10شہریوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملے کی ابھی تک کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی۔