Jan ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت، متعدد عام شہری شہید و زخمی

یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت میں دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے وحشیانہ جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال میں ایک علاقے کو نشانہ بنایا۔

یہ حملہ الصفرا کے علاقے نشورہ پر کیا گیا۔ اس سے قبل منگل کی رات سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبے صعدہ پر شدید بمباری کی جس میں کم از کم بائیس عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صوبے صعدہ میں سعودی اتحاد کے فوجیوں اور یمنی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے صوبہ البیضاء میں سعودی عرب کے حمایت یافتہ کرائے کے فوجیوں کو شکست دے کر اہم پہاڑی سلسلے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اسلامی تحریک انصار اللہ نے صوبہ البیضاء میں  سعودی عرب کے حمایت یافتہ کرائے کے فوجیوں کو شکست دے کر اہم پہاڑی سلسلے «مرکوزه» کا کنٹرول سنبھال لیا۔

سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی اس علاقے پر بمباری کے باوجود اہم پہاڑی سلسلے کا کنٹرول انصار اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ ادھر سعودی عرب نے الجوف صوبے پر بمباری کی جس میں یمن کے متعدد شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔

دریں اثنا یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ مختلف فوجی شعبوں میں یمن کی پیشرفت کا سال ثابت ہو گا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان شرف لقمان نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ میں یمن کی تینوں مسلح افواج کی توانائیوں میں نمایاں اضافہ ہو گا اور ہر شعبے میں فوجی توانائی کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت میں مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے اس غریب عرب ملک کے جاری محاصرے کی وجہ سے اس ملک میں غذائی اشیاء کے علاوہ ادویات کی بھی شدید قلت ہے اور اس وجہ سے بھی عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے جن میں اکثرعورتیں اور بچے شامل ہیں۔