کابل میں خودکش حملہ، 8 ہلاک و زخمی
افغان دارالحکومت کابل کے علاقے قابیل بئی میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں غیر ملکی افواج کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تاہم دھماکے میں کسی غیر ملکی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق دھماکہ خودکش ہوسکتا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آس پاس گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ دہشت گرد گروہ داعش یا طالبان نے کیا ہے۔