افغانستان میں 63 دہشت گرد ہلاک
افغانستان میں 24 گھنٹوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری آپریشن کے دوران اب تک 63 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق نوروز کے موقع پر کابل یونیورسٹی اور علی آباد اسپتال کے نزدیک خود کش دھماکے اورہلمند میں کار بم دھماکے کے بعد سے سیکیورٹی فورسز نے افغانستان میں سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا جسے عملی جامہ پہناتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 63 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغان وزارت اطلاعات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے اور وہ جہاں ملیں گے وہیں انہیں ختم کردیں گے، امن کے دشمنوں کو نہتے عوام کے قتل عام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آپریشن میں 63 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچادیا ہے جن میں سے 14 داعش دہشت گرد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن افغانستان کے علاقے صوبہ ننگرہار، اورزگان، قندھار اور پکتیا میں کیے گئے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے جنہیں دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
واضح رہے 21 مارچ کو کابل یونیورسٹی کے نزدیک دھماکے میں 29 افراد، 23 مارچ کو ہلمند میں کار بم دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور کل ہرات کی مسجد میں 13 افراد شہید ہوئے۔