یمن پر سعودی جارحیت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i327930-یمن_پر_سعودی_جارحیت
سعودی عرب کی شاہی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے کئی بار یمن کے دارالحکومت صنعا کے مرکزی علاقوں جراف الشرقی اور حدہ کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے الحدیدہ کی ساحلی پٹی پر سعودی فوجی اتحاد کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۰۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت

سعودی عرب کی شاہی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے کئی بار یمن کے دارالحکومت صنعا کے مرکزی علاقوں جراف الشرقی اور حدہ کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے الحدیدہ کی ساحلی پٹی پر سعودی فوجی اتحاد کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔

صنعا میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں متعدد رہائشی مکانات تباہ ہوگئے اور دو خواتین سمیت نو عام شہری شدید زخمی ہوئے ہیں

دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ مغربی یمن کے ساحلی علاقوں پر سعودی حملے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت اور پشت پناہی میں کیے گئے ہیں۔

محمد علی الحوثی نے  دشمن کو متنبہ  کرتے ہوئے کہا کہ الحدیدہ کی ساحلی پٹی کو جارحین کے قبرستان میں تبدیل کردیا جائے گا

۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں نے ایک ماہ قبل مغربی یمن کی بندرگاہ الحدیدہ پر قبضے کے لیے حملے شروع کیے تھے تاہم ان کا یہ مقصد تاحال پورا نہیں ہوسکا ہے۔الحدیدہ کی بندرگاہ یمن کے لیے انسان دوستانہ امداد کی فراہمی کا واحد ذریعہ شمار ہوتی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن نے الحدیدہ کی بندرگاہ پر حملوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے الحدیدہ پر حملے کی بابت خبردار کرتے ہوئے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی انسانی امداد کے لیے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ الحدیدہ کی ساحلی پٹی پر سعودی اتحادی فوج کا حملہ بری طرح ناکام ہوگیا ہے اور اس کے درجنوں فوجی مارے گئے ہیں-

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی الحدیدہ میں سعودی اتحادی فوج کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں اتحادی فوج کی متعدد بکتر بند گاڑیاں تباہ اور ان میں سوار سب ہی فوجی ہلاک ہوگئے۔یمنی فوج نے سعودی اتحادی فوج کی پسپائی کی فوٹیج بھی جاری کی ہیں جن میں الحدیدہ کی ساحلی پٹی میں جارح فوجیوں کی لاشیں بکھری دکھائی دے  رہی ہیں۔یمنی فوج کی مشترکہ کمان کے جاری کر دہ بیان کے مطابق پچھلے تین روز کے دوران الحدیدہ کے ساحلی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران سعودی اتحاد کے چار سو اٹھارہ فوجی ہلاک اور تین سو بائیس زخمی ہوئے ہیں۔