افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور سیکورٹی فورس کے تازہ آپریشن میں ایک سو تیس سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں ننگرہار، لغمان، غزنی، خوست، وردک، پکتیا، اروزگان، بادغیس، غور، تخار، قندوز، نیمروز اور ہلمند صوبوں میں انجام دی گئیں۔ ان کارروائیوں میں ایک سو بتیس دہشت گردہلاک اور سینتالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں طالبان کے ساتھ حکومت کی یکطرفہ فائربندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
افغان حکومت نے عیدالفطر کی مناسبت سے طالبان کے ساتھ فائربندی کا اعلان کیا تھا تاہم طالبان نے اپنی طرف سے صرف تین دن کی فائربندی کا اعلان کیا تھا۔
ملک کے مختلف علاقوں میں فوج کا یہ تازہ آپریشن ایک ایسے وقت ہوا ہے جب اتوار کو جلال آباد میں ایک خود کش حملے میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سکھ برادری کے لوگ ہیں۔