طالبان قیام امن میں حقیقی تعاون کریں، عبداللہ عبداللہ
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا ہے کہ طالبان کو چاہئے کہ قیام امن کے سلسلے میں تعاون کرنے میں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کریں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کابل میں ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ قطر میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور افغان عوام ان مذاکرات کی کامیابی و ناکامی سے متعلق کبھی پرامید ہوتے ہیں تو کبھی ان میں تشویش پیدا ہوجاتی ہےانھوں نے کہا کہ افغان عوام، جنگ کا خاتمہ اور اپنے ملک میں امن و استحکام دیکھنا چاہتے ہیں۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان میں امن، اسی صورت میں قائم ہو سکتا ہے کہ ملک میں بیرونی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی ضرورت ہی نہ رہے۔واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات تقریبا دو ہفتوں سے جاری ہیں جبکہ اب تک ان مذاکرات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔