امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا دورہ کابل
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i356637-امریکی_ایوان_نمائندگان_کی_اسپیکر_کا_دورہ_کابل
امریکی وزیرجنگ مارک اسپرکے غیرمتوقع دورہ افغانستان کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی بھی اچانک کابل پہنچ گئیں ۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا دورہ کابل

امریکی وزیرجنگ مارک اسپرکے غیرمتوقع دورہ افغانستان کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی بھی اچانک کابل پہنچ گئیں ۔

اآوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی اتوار کی رات اچانک کابل پہنچیں اور افغانستان  کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور افغان امن مذاکرات کے عمل نیز صدارتی انتخابات کے بارے میں گفتگو کی۔اس ملاقات میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا کہ امن افغانستان کے لئے اولین ترجیح ہے لیکن ایسا امن جو افغانوں کی سربراہی میں ہو اور اس میں آئین اور خواتین کے حقوق محفوظ ہوں۔ افغانستان کے صدر نے مزید کہا کہ داعش اور القاعدہ دہشتگرد گروہ اب بھی اس ملک کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ شمار ہوتے ہیں اور طالبان ، ان گروہوں کی سرگرمیوں کی زمین ہموار کرتے ہیں۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے بھی ننسی پلوسی سے ملاقات میں کہا کہ حقیقی امن افغان عوام کی ترجیحات میں ہے اور قومی حکومت امن کے حصول اور جنگ کے خاتمے کے لئے ہرطرح کے تعاون کے لئے تیار ہے۔امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی نے ایسی حالت میں افغانستان کا اچانک دورہ کیا ہے کہ اس سے پہلے امریکی وزیرجنگ مارک اسپر بھی غیرمتوقع طور پر ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب افغانستان میں اٹھائیس ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ملتوی ہوگیا ہے ، امریکی عہدیداروں کے کابل کے دورے واشنگٹن کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کا تسلسل ہیں ۔