Feb ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • پرامن فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے

صیہونی فوجیوں نے شمالی غرب اردن میں فلسطینیوں کے مظاہروں کو کچل دیا

العالم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جمعے کو شہر رام اللہ میں سینچری ڈیل کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے شرکاء پر یلغار کردی۔غرب اردن کے نعلین اور بعلین اور شمالی شہر الخلیل کے بیت امر علاقوں میں بھی فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ صیہونی فوجیوں نے اس دوران آنسوگیس کے گولے فائر کئے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے دم گھٹنے لگے۔
کفرقدوم دیہات کے فلسطینیوں نے بھی سینچری ڈیل اور یہودی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرے کئے جسے کچلنے کے لئے صیہونی فوجیوں نے میٹل گولیاں فائر کیں اور گیس بم مارے جس کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کا اتحاد اور استقامتی محاذ امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کو انجام تک پہنچانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دے گا۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے ایک بیان جاری کر کے الفجرالعظیم کے زیرعنوان قائم کی جانے والی نماز صبح میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے مسجدالاقصی کی حمایت اور اس مقدس مقام کو تقسیم کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کا اعلان کیا اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ کسی کو بھی مقدس مقامات کو تقسیم نہیں کرنے دیں گے۔ تحریک حماس کے ترجمان القانوع نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سینچری ڈیل کو ناکام بنانے کی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں گی اور اس کے خلاف ملت فلسطین کا غم و غصہ ہر لمحہ بڑھتا جائے گا۔ غزہ پٹی، غرب اردن اور بعض اسلامی ممالک کے عوام نے جمعے کو مسجدالاقصی میں الفجرالعظیم کے زیرعنوان نماز صبح پڑھ کر مقبوضہ فلسطین میں اسلامی مقدسات کے تحفظ کی تحریک کا آغاز کیا۔ اس موقع پر غرب اردن کے جنین اور نابلس شہروں کی مسجدیں نمازیوں سے چھلکنے لگیں اور لوگوں کو اطراف کی سڑکوں پر اپنی صفیں قائم کرنا پڑیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اٹھائیس جنوری کو صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی موجودگی میں سینچری ڈیل کے نسل پرستانہ منصوبے کی رونمائی کی۔ سینچری ڈیل نامی شرمناک سازش کے تحت بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت بنا دیا جائے گا ، غرب اردن کی تیس فیصد زمینیں اسرائیل کو دے دی جائیں گی، پناہ گزیں فلسطینیوں کی وطن واپسی کا حق سلب کر لیا جائے گا اور انھیں پوری طرح غیرمسلح کردیا جائے گا۔ 

ٹیگس