ہندوستان میں کورونا کی شدت برقرار
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد چارلاکھ سے تجاوز کرگئی۔
ہندوستان میں کورونا کا بحران شدید سے شدید تر ہوتا نظر آرہا ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پورا ہندوستان اس وقت کورونا کے بحران کی لپیٹ میں ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے چارلاکھ ایک ہزار نو سو ترانوے مریضوں اور ساڑھے تین ہزار سے زائد نئی اموات کا اندراج کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ پر نظر رکھنے کے لئے تشکیل دی جانے والی ماہرین کی کمیٹی کے سربراہ ایم ودھا ساگر کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے تک ملک بھر میں کورونا کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب ہندوستان میں کئی ملکوں سے آکسیجن پہنچ جانے کے باوجود ابھی تک آکسیجن کا بحران دور نہیں ہوسکا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے مریضوں کے لئے دواؤں اور آکسیجن کی شدید قلت کے دوران بہت سی ریاستوں میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم بھی سست پڑ گئی ہے۔
دوسری جانب انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ تیس اپریل تک ملک بھر میں پندرہ کروڑ انچاس لاکھ نواسی ہزار چھے سو پینتس لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق ہندوستان میں چوالیس سال کے زمرے میں آنے والے لوگوں کو کورونا کاٹیکہ لگانے کی مہم سنیچر سے شروع ہورہی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ دہلی، مہاراشٹر، تامل ناڈو، مغربی بنگال، کیرالا، راجستھان اور مدھیہ پردیش سمیت اٹھارہ ریاستوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کے پاس کورونا ویکسین کی مناسب مقدار موجود نہیں ہے۔