افغانستان سے داعش کا خاتمہ کر دیا ہے۔ طالبان
افغانستان کی وزارت خارجہ کے سربراہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ امریکی دعوے کے برخلاف انہوں نے افغانستان میں داعش کو شکست دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: افغانستان کی وزارت خارجہ کے سرپرست امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کو سرکوب کر دیا گیا ہے اور ان کا افغانستان میں وجود باقی نہیں ہے اور امارت اسلامی سے جنگ کرنے والے گروہ دوسرے ممالک سے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔افغانی وزارت خارجہ سرپرست نے مزید کہا کہ افغانستان میں مخالف گروہ موجود نہیں ہیں، اگر یہاں پر کوئی حملہ ہوتا ہے تو وہ باہر سے دراندازی کی وجہ سے ہوتا ہے، یہ بات ہمارے لئے ایک اچھی نشانی ہے کہ افغانیوں کے درمیان آپس میں کوئی مشکل نہیں ہے۔
متقی نے مزید کہا کہ الحمداللہ سارے سرحدی علاقوں میں ہماری طرف سے کسی بھی ہمسائے کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور گزشتہ 20 سال کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال میں واضح طور پر بہتری آئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی دہشت گرد فوج کی سینٹ کام کے کمانڈر مائیکل کوریلا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ داعش کی خراسان شاخ آئندہ چھ ماہ میں امریکی اور مغربی ممالک کے مفادات پر حملہ کرنے کے قابل ہو جائے گی۔