Apr ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • ایک دن میں 17 صیہونیت مخالف کارروائیاں

فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غاصب صیہونیوں کے خلاف سترہ کارروائیاں انجام دیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونیوں کے خلاف سترہ کارروائیاں انجام دیں ۔ ان کارروائیوں میں فائرنگ، پٹرول بم کا استعمال اور شدید جھڑپیں شامل ہیں ۔ 
جنین میں فلسطینی مجاہدین نے میراف و شاکید اور نابلس کے مشرق میں الون موریہ میں کارروائیاں انجام دیں ۔ نابلس میں حوارہ کے علاقے میں فلسطینی مجاہدین نے ایک صیہونی فوجی چیک پوسٹ کو نذر آتش بھی کر دیا۔ 
فلسطینی مجاہدین نے اسی طرح قلقیلیہ کے مشرق میں واقع عزون میں صیہونیوں پر جوابی حملہ کیا اور پٹرول بموں کا استعمال کیا۔ 
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی شاخ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ طوباس بٹالین کے فلسطینی مجاہدین نے جمعرات کی صبح طوباس کے قریب طمون چوراہے پر صیہونی فوجی اہلکاروں کے پیدل دستے پر جوابی حملہ کیا۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے غاصب صیہونی فوجیوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ 
اس موقع شدید جھڑپیں بھی ہوئیں اور فلسطینی مجاہدین نے براہ راست جوابی حملہ کرتے ہوئے کئی غاصب صیہونی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔ 
قابل ذکر ہے کہ اکتیس مارچ سے چھے اپریل تک غاصب صیہونیوں کے خلاف تین سو اڑسٹھ کارروائیاں انجام پائی ہیں ۔ غاصب صیہونی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر فلسطینیوں کی ایک تعداد کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
جبکہ صیہونی حکومت نے حالیہ دنوں اپنی جارحیت تیز کر دی ہے۔ اور حال ہی میں غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے تاکید کی ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست منھ توڑ جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔ 
چنانچہ فلسطینی گروہوں نے خبردار کیا ہےکہ صیہونی حکومت نے اگر پھر غزہ کو جارحیت کا نشانہ بنایا تو اسے منھ توڑ جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے حالیہ صیہونی جارحیت کے جواب میں غزہ کے اطراف میں صیہونی علاقوں پر راکٹ بھی برسائے ہیں۔ 

ٹیگس