بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں فائرنگ سے 6 افراد ہلاک
بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں ثبوت اکٹھا کرنے کے لیے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے پروسیکیوٹر کے دورے کے بعد جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام : عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہاجرین کے کیمپ میں دو حریف گروپس اراکان روہنگیا سیلویشن آرمی (اے آر ایس اے) اور روہنگیا یکجہتی تنظیم (آر ایس او) کے درمیان خون ریز جھڑپوں کے تازہ واقعے میں 6 افراد مارے گئے۔
مہاجر کیمپوں میں سیکیورٹی کی ذمہ داری نبھانے والی مسلح پولیس بٹالین کے ترجمان فاروق احمد نے کہا ہے کہ جمعے کو علی الصبح 5 افراد فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے دوران مارے گئے تمام پانچوں افراد کمانڈر سمیت اے آر ایس اے کے ارکان تھے تاہم اس کے بعد سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے 2019 میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق تفتیش کا آغاز ہوا تھا اور پراسیکیوٹر کا کہنا تھا ہمارے پاس عدالت کی تفتیش کے باعث کسی قسم کے واقعے کی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
بنگلہ دیش میں تقریباً 10 لاکھ روہنگیا مہاجرین مقیم ہیں جنہوں نے 2017 میں میانمار میں فوجی کریک ڈاؤن کے بعد بنگلہ دیش کی طرف ہجرت کی تھی اور اب اقوام متحدہ کی عدالت اس حوالے سے نسل کشی سے متعلق تفتیش کر رہی ہے۔