قرآن مجید کی توہین کے خلاف بنگلہ دیشی عوام سڑکوں پر
دنیا بھر میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بنگلہ دیشی عوام نے بھی ریلیاں نکال کر قرآن مجید کی توہین کی مذمت کی ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں ہزاروں مشتعل افراد نے قرآن پاک کے درجنوں نسخوں کو نذر آتش کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ جب مشتعل ہجوم نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزام میں 2 افراد پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے اتوار سے پیر کی رات تک کم از کم 10 ہزار افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، اس دوران جھڑپوں میں 14 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ان دونوں افراد کو شمال مشرقی شہر سلہٹ سے گرفتار کیا گیا ہے ، اس حوالے سے پولیس نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے قرآن پاک کے نسخے اس لیے نذر آتش کر دیے تھے کیونکہ وہ بہت پرانے تھے جبکہ ان میں سے کچھ میں پرنٹنگ کی غلطیاں تھیں۔
گزشتہ مہینے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے بعد متعدد مسلم ممالک میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا۔
سویڈن اور ڈنمارک نے بے حرمتی کی مذمت کی لیکن آزادی اظہار اور اجتماع سے متعلق اپنے قوانین کے تحت کوئی کارروائی نہیں کی۔