سوڈان: متحارب فوجیوں میں جھڑپیں،20 ہلاک متعدد زخمی
سوڈان کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے سریع الحرکت فورس کے 20 سے زائد فوجیوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا ہے۔
عبد الفتاح البرہان کی کمان میں سوڈان کی فوج نے کہا ہے کہ سوڈان کےدارالحکومت خرطوم میں سوڈانی فوج کی ایک کارروائی میں، محمد حمدان دقلو کی کمان میں سریع الحرکت فورس کے 20 فوجی ہلاک ہو گئے۔
سوڈانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیر کے روز بھی ام درمان، بحری اور خرطوم شہروں میں سریع الحرکت فورس کے دسیوں فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
سوڈان کی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ بحری فوجی علاقے سے سریع الحرکت فورس کے 2 فوجیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سوڈان میں اب تک بین الاقوامی ثالثی سے کئی بار جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے لیکن متحارب فریقوں نے اس کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے۔
مہاجرت کے بین الاقوامی ادارے کے تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوڈان میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے 30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔