العند ایربیس فوج کے کنٹرول میں ہے،یمنی فوج کے ترجمان
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
یمنی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ العند ایربیس پر بدستور یمنی فوج کا کنٹرول ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل شرف غالب لقمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صوبہ لحج میں واقع العند ایربیس پر فوج کا کنٹرول ہے۔ انہوں نے سعودی حمایت یافتہ عناصر کی، اس خبر کی سختی سے تردید کی کہ اس مرکز پر سابق مفرور صدر منصور ہادی کے حامیوں کا قبضہ ہو گیا ہے۔ شرف غالب لقمان نے اس بات پر زور دیا کہ جارح افواج اور القاعدہ دہشت گردوں کا ایک ہی مقصد ہے اور سعودی عرب نے بھی ان ہی دہشت گردوں کی حمایت کی خاطر العند ایر بیس پر حملہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ لحج کے اس علاقے میں القاعدہ اور منصور ہادی سے وابستہ مسلح عناصر کو بھاری نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں دسیوں دہشت گرد عناصر ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ اس ایربیس کے قریب جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج نے صوبے لحج میں واقع المسیمیر علاقے میں بھی سعودی ایجنٹوں اور متعدد دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور الصفراء فوجی مرکز پر بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔