ملت فلسطین کی حمایت کے لئے عرب لیگ کی درخواست
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
عرب لیگ نے عالمی برادری کی طرف سے ملت فلسطین کی حمایت کی اپیل کی ہے-
اطلاعات کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے بدھ کی رات قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں وزرا کی سطح پر ہونے والے عرب امن کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ملت فلسطین کی حمایت محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ ایک قرارداد پاس کرکے فلسطینیوں کی حقیقی حمایت کرے- نبیل العربی نے کہا کہ مشرق وسطی کے موجودہ سیاسی حالات اور اس علاقے کے شدید بحران اور بدامنی سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوتا ہے کہ مسئلہ فلسطین عرب قوم کا کلیدی مسئلہ ہے اور علاقے کی امن و سلامتی کا ضامن ہے- انہوں نے آزاد فلسطینی مملکت کی تشکیل کے لئے، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، فوری اور مستقل راہ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر تاکید کی- عرب امن کمیٹی کا یہ اجلاس مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت میں شدت اور غرب اردن میں الدوابشہ خاندان کے خلاف حالیہ وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں فلسطین میں بدامنی کے حالات اور مسئلہ فلسطین کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ کیا گیا تھا- فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی-