غزہ میں عالمی ریڈکراس کے دفتر کے سامنے نماز جمعہ کی ادائیگی
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۵:۳۲ Asia/Tehran
غزہ پٹی کے فلسطینیوں نے غزہ شہر میں واقع عالمی ریڈکراس کے دفتر کے سامنے نماز جمعہ ادا کی۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے باشندوں نے فلسطینی قیدیوں پر صیہونی حکومت کے تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے غزہ شہر میں واقع عالمی ریڈکراس کے دفتر کے سامنے نماز جمعہ ادا کی۔ اس رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے اس جگہ نماز جمعہ ادا کرنے کی دعوت دی تھی اور اس میں غزہ پٹی کی بعض اہم سیاسی اور دینی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ غزہ شہر کے خطیب نماز جمعہ عبدالفتاح نے فلسطینی شہریوں سے کہا کہ وہ فلسطینی قیدیوں سے متعلق اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں اور اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر مظاہرے کریں۔ ایک سو بیس فلسطینی قیدیوں نے صیہونی حکومت کے جیل حکام کے تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تین دن سے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ صیہونی حکام عالمی ریڈکراس کے معائنہ کاروں کو فلسطینی قیدیوں سے ملنے اور اسرائیلی جیلوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔