فلسطینی مریضوں کی جان بچانے کے لئے رفح گزرگاہ کھولی جائے
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
فلسطین کی وزارت داخلہ نے سیکڑوں فلسطینی مریضوں کی جان بچانے کے لئے رفح گزرگاہ پھر کھولے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
فلسطین کی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے غزہ میں کہا کہ سرطان اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلا سیکڑوں فلسطینی مریضوں کی جان بچانے کی خاطر رفح گزرگاہ پھر کھولے جانے کی سخت ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران رفح گزرگاہ صرف پندرہ روز کھولی گئی تھی لیکن ان پندرہ دنوں کے دوران غزہ میں محصور فلسطینیوں کے حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی- البزم نے کہا کہ رفح گزرگاہ بند رہنے سے غزہ پٹی کے فلسطینیوں کو المیہ درپیش ہے- انہوں نے کہا کہ یہ گزرگاہ کھلنے سے سیکڑوں مریض اپنی جان بچانے کے لئے اس گزرگاہ کے راستے باہر نکلیں گے اور اس کے علاوہ دسیوں فلسطینی جو بیرونی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے یا دوسرے ملکوں میں کام کر رہے تھے، ان کو بھی اپنی تعلیم یا کام جاری رکھنے کے لئے اس گزرگاہ کو عبور کر کے جانا ہے-