شیرخوار فلسطینی کے والد کی شہادت پر اقوام متحدہ کی تعزیت
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۰۴:۰۱ Asia/Tehran
اقوام متحدہ نے صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں اٹھارہ مہینے کے شیرخوار فلسطینی بچے علی دوابشہ کے والد سعد دوابشہ کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے-
بیت لحم سے معا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیرخوار فلسطینی علی دوابشہ کے والد سعد دوابشہ، جو گذشتہ ہفتے صیہونیوں کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے، ایک ہفتے تک تکلیف برداشت کرنے کے بعد ہفتے کی صبح شہید ہو گئے- مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نیکلائے ملادینوف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے شیرخوار بچے علی دوابشہ کے والد سعد دوابشہ کے پسماندگان، دوستوں اور ملت فلسطین کو تہ دل سے تعزیت پیش کرتے ہیں- واضح رہے کہ نابلس میں واقع سعد دوابشہ کے گھر پر صیہونی انتہا پسندوں کے حملے اور ان کے گھر کو نذر آتش کر دیئے جانے کے واقعے میں ایک شیرخوار فلسطینی بچہ شہید اور اس کے ماں باپ اور بہن جل کر شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے- اس غیر انسانی جرم کے خلاف نفرت اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے جس کے باعث صیہونی فوجیوں کے لئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے- فلسطینی تنظیمیں، عالمی عدالت میں صیہونی حکومت کے خلاف مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کر رہی ہیں اور خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے نمائندے نے بھی شیرخوار فلسطینی بچے کو جلائے جانے سے متعلق کیس کی فائل، عدالت کے حوالے کر دی ہے تاکہ ممکنہ طور پر غاصب صیہونی مجرموں پر مقدمہ چل سکے-