عرب لیگ کی صیہونی حکومت پر تنقید
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۲۲:۱۴ Asia/Tehran
عرب لیگ نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے بار بار کے حملوں اور اس مقدس مکان کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
مصر کی الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین اور مقبوضہ سرزمینوں کے امور میں عرب لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد صبیح نے اتوار کے دن کہا کہ صیہونی انتہا پسندوں کے مسجد الاقصی پر حملے اور اس مسجد پر صیہونی پرچم لگانے کی ان کی کوشش کوئی نئی بات نہیں ہے اور اس کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔ محمد صبیح نے عرب ممالک سے اپیل کی کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم اور مظالم کی روک تھام کے لئے پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ محمد صبیح نے یہ بیانات بیت المقدس میں مسجدالاقصی کے حامیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد دیۓ۔ اس وفد کی سربراہی یوسف مصطفی مخیمر کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ صیہونی تقریبا ہر روز اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصی کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے اور اس مقدس مکان کی بےحرمتی کا ارتکاب کرتے ہیں۔