غزہ میں حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں کی نشست
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
تحریک حماس کے ترجمان نے بعض فلسطینی تنظیموں کے ساتھ اپنی نشستوں کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین پریس سنٹر کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس نے گذشتہ دنوں کے دوران تحریک جہاد اسلامی، تحریک الفتح، عوامی محاذ، جمہوری محاذ اور دیگر تنظموں سے مذاکرات کئے ہیں۔ سامی ابو زھری نے کہا کہ یہ مذاکرات فلسطینی رابطوں اور دو طرفہ ملاقاتوں نیز فلسطینی کاز کو آگے بڑھانے کی غرض سے انجام پائے ہیں۔ تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ مختلف فلسطینی تنظیموں کے ساتھ حماس کے مذاکرات میں فلسطین کے تازہ ترین داخلی حالات اور سیاسی تبدیلیوں نیز فلسطینی باشندوں کی مشکلات اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سامی ابو زھری نے کہا کہ فلسطینی تنظیموں نے پی ایل او کی عبوری قیادتی کونسل کے اجلاس کے انعقاد سے اتفاق کیا ہے اور اس بات پر تاکید کی ہے کہ قومی اور وسیع البنیاد مذاکرات سے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل پانی چاہیے۔