بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی کی حمایت میں مظاہرے
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran
فلسطینیوں نے نابلس میں مظاہرہ کر کے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
القدس ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے جمعے کے روز نابلس میں مظاہرہ کرکے اٹھاون دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی محمد علان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے- صیہونی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے محمد علان اٹھاون دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور اب وہ، کوما میں چلے گئے ہیں- تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خضر عدنان نے، جو محمد علان کی رہائی کے لئے ہونے والے مظاہرے میں شریک تھے، دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں صیہونی حکومت کے سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے کر کے فلسطینی قیدی محمد علان کی رہائی کے لئے دباؤ ڈالیں- شیخ خضر عدنان نے محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ محمد علان کی رہائی کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں- تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے اس اہم رہنما نے، جو ابھی حال ہی میں صیہونی حکومت کی جیل سے رہا ہوئے ہیں، تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جیلوں کے امور سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کے ادارے کی جانب سے ہنگامی حالت کا اعلان، صیہونی حکومت کے خوف و وحشت کا عکاس ہے- واضح رہے کہ تقریبا دو مہینے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی محمد علان کے کوما میں چلے جانے کے بعد صیہونی حکام چوکس ہو گئے ہیں-