بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی کی حمایت میں مظاہرے
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i196455-بھوک_ہڑتال_پر_بیٹھے_فلسطینی_قیدی_کی_حمایت_میں_مظاہرے
فلسطینیوں نے نابلس میں مظاہرہ کر کے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran
  • بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی کی حمایت میں مظاہرے

فلسطینیوں نے نابلس میں مظاہرہ کر کے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے-

القدس ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے جمعے کے روز نابلس میں مظاہرہ کرکے اٹھاون دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی محمد علان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے- صیہونی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے محمد علان اٹھاون دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور اب وہ، کوما میں چلے گ‏ئے ہیں- تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خضر عدنان نے، جو محمد علان کی رہائی کے لئے ہونے والے مظاہرے میں شریک تھے، دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں صیہونی حکومت کے سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے کر کے فلسطینی قیدی محمد علان کی رہائی کے لئے دباؤ ڈالیں- شیخ خضر عدنان نے محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ محمد علان کی رہا‏ئی کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں- تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے اس اہم رہنما نے، جو ابھی حال ہی میں صیہونی حکومت کی جیل سے رہا ہوئے ہیں، تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جیلوں کے امور سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کے ادارے کی جانب سے ہنگامی حالت کا اعلان، صیہونی حکومت کے خوف و وحشت کا عکاس ہے- واضح رہے کہ تقریبا دو مہینے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی محمد علان کے کوما میں چلے جانے کے بعد صیہونی حکام چوکس ہو گئے ہیں-