محمد علان کی شہادت کے بارے میں القدس بریگیڈ کا انتباہ
Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
القدس بریگیڈ نے انتباہ دیا ہے کہ فلسطینی قیدی محمد علان کی شہادت کی صورت میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی ختم ہو جائے گی-
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ القدس بریگیڈ نے جمعے کے روز ایک بیان میں انتباہ دیا ہے کہ بھوک ہڑتال سے کوما میں چلے جانے کی وجہ سے فلسطینی قیدی محمد علان کی شہادت ہونے کی صورت میں صیہونی حکومت کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی پر عمل جاری نہیں رہے گا- اس بیان میں آیا ہے کہ محمد علان کی شہادت فلسطینی قیدیوں اور عوام پر جارحیت شمار ہو گی اور اس کا شدید جواب دیا جائے گا- ادھر فلسطینی قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے سربراہ عیسی قراقع نے بھی کہا ہے کہ محمد علان کے کوما میں جانے کے بعد صیہونی حکومت کی جیلوں کی انتظامیہ نے رامون، نفحہ، النقب اور ایشل جیلوں میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا ہے- ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم نے بھی صیہونی حکومت سے محمد علان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے- واضح رہے کہ سیکڑوں فلسطینی قیدیوں نے، جن کو بغیر کسی مقدمے کے گرفتار کیا گیا ہے، اعلان کیا ہے کہ محمد علان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے مقصد سے وہ بھی بھوک ہڑتال کریں گے-