فلسطینی مظاہرین پر صیہونی پولیس کا تشدد
Aug ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
صیہونی پولیس نے فلسطینی مظاہرین کو اپنے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے اتوار کی رات عسقلان شہر میں واقع ہسپتال کے سامنے محمد علان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا۔ صیہونی پولیس نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان کو اپنے تشدد کا نشانہ بنایا۔ صیہونی پولیس نے دسیوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ فلسطین سے موصول ہونے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق محمد علان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بیت المقدس شہر میں واقع عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر کے سامنے دھرنا دینے والے فلسطینی نوجوانوں کو جب عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا تو وہ اپنا دھرنا اس عمارت میں جاری رکھنے کے لئے اتوار کے دن اس عمارت میں داخل ہو گئے۔ فلسطینی نوجوانوں نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محمد علان کو زبردستی کھانا کھلانے کی مذمت اور دھرنا دینے والے فلسطینیوں کی حمایت کرے۔ واضح رہے کہ فلسطینی قیدی محمد علان نے مقدمہ چلائے بغیر جیل میں رکھے جانے کی بنا پر باسٹھ دنوں سے صیہونی حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ وہ اس وقت عسقلان شہر کے ہسپتال میں داخل ہیں اور کوما میں ہیں۔