صیہونی حکومت محمد علان کو رہا کرنے پر مشروط طور پر تیار
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i196665-صیہونی_حکومت_محمد_علان_کو_رہا_کرنے_پر_مشروط_طور_پر_تیار
صیہونی حکومت نے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی محمد علان کی آزادی کے ساتھ مشروط طور پر موافقت کر دی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت محمد علان کو رہا کرنے پر مشروط طور پر تیار

صیہونی حکومت نے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی محمد علان کی آزادی کے ساتھ مشروط طور پر موافقت کر دی ہے۔

فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ عیسی قراقع نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اٹارنی جنرل نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی شرط پر محمد علان کو تین نومبر کو آزاد کرنے کے ساتھ موافقت کر دی ہے۔ عیسی قراقع نے مزید کہا کہ محمد علان کی آزادی ان کی کامیابی اور صیہونی حکومت کی شکست ہے۔ فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اس سے قبل محمد علان کو فلسطین سے جلا وطن کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ محمد علان کے وکیل ہسپتال میں صیہونی حکومت کی تجویز کے سلسلے میں ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کے کلب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمد علان نے کوما سے باہر آنے کے بعد کہا کہ وہ اپنی آزادی تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ فلسطینی قیدی محمد علان نے دو مہینوں سے زیادہ عرصے سے صیہونی حکومت کے اقدامات کے خلاف بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور ان کے اچانک جاں بحق ہونے کا امکان پایا جاتا ہے۔ اس وقت پانچ ہزار سے زیادہ فلسطینی صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید ہیں۔