عالمی حکام کو فلسطین کی وزارت خارجہ کا پیغام
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i197010-عالمی_حکام_کو_فلسطین_کی_وزارت_خارجہ_کا_پیغام
فلسطین کے وزیر خارجہ نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خطرناک نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • عالمی حکام کو فلسطین کی وزارت خارجہ کا پیغام

فلسطین کے وزیر خارجہ نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خطرناک نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے-

فلسطین کی نیوز ایجنسی حرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے وزیر خارجہ "ریاض المالکی" نے بدھ کے روز اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں کے حکام کے نام تحریری پیغام میں، مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے علاقے اور دنیا پر ان اقدامات کے منفی اثرات کے بارے میں خبر دار کیا- یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکومت نے حال ہی میں، عیسائیوں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات خاص طور پر مسجد الاقصی کے خلاف غیر معمولی حملے شروع کر رکھے ہیں اور یہ حکومت مسجد الاقصی کے خادمین کے گروہ کو غیر قانونی گروہ متعارف کرا رہی ہے- صیہونی حکومت نے اسی طرح مسجد الاقصی میں نمازیوں کے داخلے کے لئے محدود وقت کا تعین کیا ہے اور کہا ہے کہ نمازیوں کو اس مسجد میں صرف آدھا گھنٹہ داخل ہونے کی اجازت ہوگی- فلسطینی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی، اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ ایاد المدنی، اور اردن کے وزیر خارجہ کے نام الگ الگ پیغام ارسال کرکے اسرائیلی جرائم کے جائزے اور ان جرائم اور جارحیتوں کے مقابلے کے لئے فوری تدابیر اختیار کرنے کےمقصد سے، اسلامی ملکوں کے سربراہوں کا ہنگامی اجلاس منعقدکئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- ریاض المالکی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں اور اس حکومت کو مسجد الاقصی پر حملے بند کرنے پر مجبور کریں-