غزہ پٹی میں احتجاجی مظاہرہ
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
غزہ پٹی کے سیکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کر کے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے کی مذمت کی ہے-
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں فلسطینی شہریوں نے پیر کو جنوبی غزہ پٹی میں واقع شہر خان یونس میں مظاہرہ کر کے مسجدالاقصی پر صیہونی فوجیوں اور یہودی آبادکاروں کے حالیہ حملوں کی مذمت کی ہے- مسجدالاقصی مسلمانوں کا تیسرا بڑا مقدس مقام ہے- اس رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے شہریوں نے مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے اور جرائم کی مذمت میں نعرے لگائے اور مسجد الاقصی کی توہیں کا سلسلہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- فلسطینی، یہودی آبادکاروں کے جرائم کو منظم اور نسل پرستانہ قرار دیتے ہیں کہ جو فلسطینیوں کا غم و غصہ بھڑکنے کا باعث بنے ہیں- فلسطین کے سیاسی گروہ، مسجد الاقصی پر حملوں کو حد سے تجاوز سمجھتے ہیں اور انھوں نے آئندہ جمعے کو مسجد الاقصی کی حمایت کا دن قرار دیا ہے- اتوار کو سیکڑوں صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی پر حملہ کر کے سو سے زیادہ فلسطینیوں کو زخمی کر دیا- صیہونیوں نے مسجد الاقصی سے مکمل پسپائی سے پہلے اس مسجد کے ایک بڑے حصے کو تباہ کر دیا ہے-