غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے گھروں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ
Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
صیہونی فوجیوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے گھروں کی طرف فائرنگ کی ہے-
اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پٹی کے علاقے شجاعیہ میں فلسطینیوں کے گھروں کی طرف اندھا دھند فائرنگ کی۔ ابھی تک اس فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ صیہونیوں نے جمعرات کے روز بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خان یونس کے مشرقی علاقے فراحین میں فلسطینیوں کی طرف فائرنگ کی تھی۔ غزہ پٹی میں جنگ بندی معاہدہ ہونے کے بعد سے اب تک صیہونی حکومت بارہا جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکی ہے اور اس دوران غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں کئی فلسطینی شہید بھی ہوچکے ہیں۔ صیہونی فوجیوں کے حملوں میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اور متعدد فلسطینیوں کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار بھی کیا ہے- اس کے علاوہ صیہونی فوجیوں کے حملوں میں فلسطینیوں کی زرعی اراضی، ان کے گھروں اور ماہی گیری کی کشتیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔