یمن میں سعودی عرب کی تازہ جارحیت پر انصار اللہ کا ردعمل
یمن میں شادی کی ایک تقریب پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری پر یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انصار اللہ یمن کی سیاسی کونسل نے ایک بیان میں صوبہ ذمار کے علاقے سنبان میں شادی کی ایک تقریب پر سعودی عرب کے وحشیانہ ہوائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملت یمن آل سعود کی حکومت اور اس کا ساتھ دینے والوں کے جرائم پر خاموش نہیں رہے گی۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی حالیہ بربریت سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی حکومت یمن کے بےگناہ عوام کے خون کی پیاسی ہے اور وہ یمن کی سیاسی راہ حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اپنی تازہ ترین جارحیت میں یمن کے صوبہ ذمار کے علاقے سنبان میں شادی کی ایک تقریب پر ہوائی حملہ کیا ہے جس میں کم سے کم چون افراد شہید اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ چند روز قبل بھی سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ تعز کے المخا علاقے میں شادی کی ایک تقریب پر حملہ کیا تھا جس میں ایک سو اکتیس افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جن میں اسی خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔