شب عاشور کو سید حسن نصراللہ کا خطاب
Oct ۲۴, ۲۰۱۵ ۰۴:۰۹ Asia/Tehran
امریکہ سب سے زیادہ ظالم اور بدعنوان ڈکٹیٹروں کی حمایت کرتا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہےکہ امریکہ کا ہدف سیاسی، اقتصادی اور ثفاقتی و سلامتی کے اعتبار سے علاقے پر قبضہ جمانا ہے۔ سیدحسن نصراللہ نے جمعے کی رات شب عاشور کے موقع پر بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں مجلس عزا سے خطاب میں کہا کہ امریکہ صیہونی حکومت کے ہر مخالف سے دشمنی کرے گا اور اس کے خلاف سیاسی، تشہیراتی اور اقتصادی جنگ چھیڑ دے گا۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ علاقے میں اسلامی اور عرب ملکوں کے ذخائر اور مفادات منجملہ تیل اور گیس کے ذخائر پر قابض ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی اور عرب حکومتیں امریکہ کی اس تسلط پسندی کا مقابلہ کرنے سے عاجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ علاقے میں حکومتیں، قومیں یہاں تک کہ سیاسی شخصیتیں اور پڑھے لکھے لوگ اس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں اور اس کے فیصلوں کے مطابق عمل کریں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ جمہوریت، انتخابات اور انسانی حقوق کے بارے میں امریکہ کے نعرے جھوٹے ہیں اور امریکہ ڈکٹیٹروں، سب سے زیادہ بدعنوان نیز انسانی حقوق سب سے زیادہ پامال کرنے والے حکمرانوں کی حمایت کرتا ہے اور ان ملکوں کی بھی حمایت کرتا ہے جہاں کوئی آئین نہیں ہے اور نہ ہی انتخابات ہوتے ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ امریکہ کی نظر میں مذہب کا کوئی فرق نہیں ہے اور جو بھی ملک طاقتور بننا چاہتا ہے اس پر حملے ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ تحریک جسے امریکہ کی حمایت حاصل نہیں ہے اسے دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کردیا جاتا ہے اور اس کے اثاثے ضبط کرلئے جاتے ہیں۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف امریکہ کے سفید جھوٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کا مقام ہے کہ بعض عرب ملکوں نے خود امریکہ سے بڑھ کر ایران کے خلاف اقدامات کرنا شروع کردئے لیکن ایران نے ہرگز ہار نہیں مانی اور اپنے ایٹمی پروگرام کو جاری رکھا یہانتک کہ امریکہ، ایران کے ساتھ مفاہمت کرنے پر مجبور ہوا۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ شام کے خلاف جنگ بھی امریکہ کے مقابل شام کو تسلیم کرانے کے لئے ہے اور امریکہ اور اس کی ہمنوا فوجیں ان ملکوں اور ان حلقوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا چاہتی ہیں جو امریکہ کے سامنے تسلیم ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام اور یمن کے خلاف امریکی جنگیں ان ملکوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لئے ہیں اور ان جنگوں کے کمانڈر ایمن الظواہری، ابوبکر بغدادی یہانتک کہ سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز بھی نہیں ہے بلکہ یہ امریکہ ہے جو ان جنگوں کو چلا رہا ہے اور ان کی سرپرستی کر رہا ہے۔