یمنی پر سعودی جارحیت متعدد عام شہری شہید اور زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i199805-یمنی_پر_سعودی_جارحیت_متعدد_عام_شہری_شہید_اور_زخمی
یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ فضائی حملوں کے نتیجے میں تین کم سن بچوں سمیت متعدد عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • یمنی پر سعودی جارحیت متعدد عام شہری شہید اور زخمی

یمن پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ فضائی حملوں کے نتیجے میں تین کم سن بچوں سمیت متعدد عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے

یمنی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صنعا میں رھم نامی گاؤں میں رہائشی مکانات پر بمباری کرکے تین بچوں سمیت چار عام شہریوں کو قتل کردیا ہے۔ سعودی جنگی طیاروں نے صنعا کے علاقے ھناجر اور نہدین میں غذائی اشیا کے گوداموں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔صوبہ صعدہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبے کے مختلف شہروں میں ایک مسجد اور متعدد رہائشی آبادیوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ ایک پل پر اس وقت بمباری کردی جب محفوظ مقامات کی جانب کوچ کرنے والے عام شہریوں کی گاڑیاں اس پر سے گزرہی تھیں۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم سے کم پانچ عام شہری شہید ہوئے ہیں۔ المسیرہ ٹیلی ویژن کی ایک رپورٹ کے مطابق صنعا کے رجام نامی علاقے میں سعودی جنگی طیاروں نے ایک اسکول پر بمباری کی جس میں کم سے کم سترہ افراد شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
دوسری طرف یمنی افواج نے سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب سرحدی علاقوں میں فوجی مراکز کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائلی یونٹ نے اسی طرح مخا کے ساحل کے نزدیک سعودی حکومت کے ایک جنگی بحری جہاز پر حملہ کرکے اس کو سمندر میں غرق کردیا ہے۔
یمن کے ایک فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت کا یہ جنگی بحری جہاز مخا کے ساحلی شہروں اور دیہی بستیوں پر گولہ باری کر رہا تھا کہ یمن کے میزائلی حملے کا نشانہ بنا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مارب میں سعودی عرب کے ایک جاسوس طیارے کو بھی مار گرایا ہے۔ یمنی ذرائع ابلاغ نے مارگرائے جانے والے سعودی جاسوس طیارے کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پیر کے دن ایک کاروائی کے دوران مزید تین سعودی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق مذکورہ تنیوں سعودی فوجی سرحدی علاقے عسیر میں یمنی فوج کے اسنائپروں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگئے۔ اس پہلے پیر کی صبح یمنی فوج نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جیزان میں ایک کاروائی کے دوران دو سعودی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جیزان کے علاقے رامضہ کیمپ پر حملہ کرکے سعودی فوج کی متعدد بکتر بند گاڑیوں اور توپوں کو تباہ کردیا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے مشترکہ دستوں نے صوبہ تعز میں ایک آپریشن میں مفرور سابق صدر منصور ہادی اور سعودی حکومت سے وابستہ تکفیری دہشت گردوں کے زیر قبضہ ایک عمارت پر حملہ کرکے کم سے کم اڑتیس سعودی زخریدوں کو ہلاک کردیا ۔یمنی افواج کے اس آپریشن میں بڑی تعداد میں سعودی کارندے زخمی بھی ہوئے ہیں۔