دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کارروائی جاری
Oct ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے متعدد دہشت گروں کو ہلاک کردیا ہے-
ہمارے نمائندے کے مطابق شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جمعے کے روز شمالی شہر حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں جبکہ مشرقی شہر دیرالزور میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔شام فوج نے حلب کے نواح میں واقع سفیرہ سٹی کے علاقے جناین پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا ہے۔
شامی فوج نے استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جناین پر قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے درجنوں دہشت گردوں کو موت کےگھاٹ اتار دیا ہے، اس کارروائی میں دہشت گردوں کی متعدد گاڑیاں اور ہتھیار بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔ شامی فوج نے دیر الزور کے علاقے میں خودکش حملے کی کوشش بھی ناکام بناتے ہوئے مذکورہ گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
العالم ٹیلی ویژن نے دیرالزورمیں دریائے فرات کے ساحلی علاقوں میں شامی فوج اور دہشتگردوں کے درمیان دو بدو لڑائی کی خبر دی ہے۔ شامی فوج نے دیرالزور میں سیاسیہ نامی پل تک پیشقدمی کی ہے اور وہ اس شہر میں داعش کی واحد سپلائی لائن کو کاٹنے کی کوشش کررہی ہے۔
دوسری جانب روسی لڑاکا طیاروں نے دیرالزور اور اس کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ روسی کی بمباری میں درجنوں دہشتگرد ہلاک اور ان کے اسلحے کئی گودام تباہ ہوگئے۔
ادھر لبنان کی النشرہ ویب سائٹ کے مطابق پچھلے ا یک ماہ کے دوران شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے کم سے کم پچپن اہم سرغنہ ہلاک ہوگئے ہیں۔