شمال مغربی شام میں دہشت گردوں کے حملے پسپا
شامی فوج نے ملک کے شمال مغربی علاقوں میں واقع فوجی اڈوں پر دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کر دیا ہے-
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے لاذقیہ میں کنسیا کے علاقے میں واقع فوجی اڈوں پر جبہت النصرہ کے دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کر دیا ہے-
ان فوجی کارروائیوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی نیز ان کی کئی بکتر بند گاڑی تباہ ہوگئیں-
ادھر حلب کے بعض علاقوں جبہت النصرہ دہشت گردوں کے ساتھ شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کا ایک خفیہ ٹھکانہ تباہ اور ان کی بڑی تعداد ہلاک ہو گئی-
شام کی فوج نے اس ملک کے شمال مغربی علاقے حماہ اور ادلب کے مضافات میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں سترہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے-
درایں اثنا شامی فوج کی فضائیہ نے حمص کے مضافات میں داعش اور جبہت النصرہ دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے بہت سے اسلحے اور فوجی ساز و سامان تباہ ہوگئے-
شام کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کےحملے ایسے عالم میں جاری ہیں کہ اس ملک کے عوام آج بروز بدھ پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں-
شام میں تیرہ اپریل کو ہونے والے یہ انتخابات اس ملک میں بحران کے دوران منعقد ہونے والے چوتھے انتخابات ہیں - ان انتخابات میں تقریبا تین ہزار امیدوار میدان میں ہیں -